انتخابات کے بعد ارکان اسمبلی چیف منسٹر کا انتخاب کرینگے

حیدرآباد /11 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے تلنگانہ کے دلت چیف منسٹر مسئلہ پر کہا کہ یہ مرکزی وزیر جے رام رمیش کا شخصی ریمارک ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس میں جمہوریت ہے، انتخابات کے بعد ارکان اسمبلی اپنے قائد کا انتخاب کریں گے۔ کرن کمار ریڈی کی جانب سے نئی پارٹی کی تشکیل کے معاملے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نئی سیاسی جماعت تشکیل دینا ہر ایک کا اختیار ہے۔ یہ بات سچ ہے کہ کرن کمار ریڈی نے ان سے نئی پارٹی تشکیل نہ دینے کا وعدہ کیا تھا، تاہم بعد میں وہ اپنے وعدہ سے منحرف ہو گئے۔ ٹی آر ایس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ کے دہلی نہ پہنچنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ ان کے دہلی پہنچنے کی اطلاع ملی تھی، مگر وہ کیوں نہیں آئے وہ اس سے لاعلم ہیں، تاہم ٹی آر ایس اور کانگریس میں رابطہ میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ 13 تا 15 مارچ حیدرآباد میں قیام کریں گے، اس دوران وہ ٹی آر ایس سے سیاسی اتحاد کے معاملے میں مذاکرات کریں گے اور ساتھ ہی کانگریس کے اضلاع صدور، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابات میں مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دیں گے اور بعد ازاں دہلی پہنچ کر انٹونی کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں گے۔ ہولی کے بعد حیدرآباد میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کے جلسہ عام کے انعقاد اور سیما۔

آندھرا کے کانگریس قائدین بڑی تعداد میں پارٹی سے مستعفی ہوکر دیگر جماعتوں میں شامل ہونے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمام قائدین نے پارٹی کا فیصلہ قبول کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر وہ اپنے وعدہ پر برقرار نہیں رہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر سیما۔ آندھرا کے کانگریس قائدین پارٹی چھوڑ رہے ہیں تو علاقہ تلنگانہ میں دیگر جماعتوں کے قائدین کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں، لہذا کانگریس پارٹی اب بھی مستحکم ہے، چند قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ دہلی میں ایک بار پھر سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، دونوں علاقوں کے لئے پردیش کانگریس کمیٹیوں کی تشکیل کے علاوہ الیکشن کمیٹی، منشور کمیٹی اور تشہیری کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جا رہی ہے۔