انتخابات پر ایگزٹ پول و اوپینین پول پر پابندی برقرار

دس ٹی وی چیانلس اور لگڑاپاٹی راج گوپال کو نوٹس: چیف الیکٹورل آفیسر بھنورلال
حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) انتخابی قوانین و ضابطہ اخلاق کی روشنی میں ملک گیر سطح پر ہونے والی آخری مرحلہ کی رائے دہی کے اختتام تک ایکزٹ پول و اوپینین پول پر پابندی نافذ العمل رہے گی۔ کسی بھی نوعیت کے ایکزٹ پول اور اوپینین پول کی کسی کو بھی (بشمول سیاسی قائدین کو بھی) اجازت نہیں رہے گی۔ لہذا جاریہ ماہ 12 مئی تک مذکورہ پابندی پر سختی کے ساتھ عمل آوری کی جائے گی اور 12 مئی تک نہ صرف ریاست میں بلکہ ملک گیر سطح پر ایکزٹ پولس، اوپینین پولس کے ٹیلی کاسٹ یا اشاعت پر بہرصورت امتناع عائد رہے گا۔ آج شام یہاں ریاستی سکریٹریٹ میں واقع اپنے چیمبر میں اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لال نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ اگر کوئی سیاسی جماعت اپنے اقتدار پر آنے کا ادعا کرے تو وہ کوئی غلط بات نہیں ہوگی بلکہ حلقہ جات کی نشاندہی کرتے ہوئے اتنی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کا اظہار کرنا یہ انتخابی قوانین و ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی۔ علاوہ ازیں سیاسی پارٹیاں اپنے انتخابی منشور میں شامل کردہ نکات و عوام سے کئے جانے والے وعدوں پر مبنی اپنی تشہیری مہم چلاسکتے ہیں۔ تاہم مذہب و طبقہ کی بنیاد پر انتخابی مہم چلانے کو جرم تصور کیا جائے گا۔ مسٹر بھنورلال نے واضح طور پر کہاکہ انتخابی قوانین و ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف (خواہ وہ کوئی بھی ہوں) سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے یہ پوچھے جانے پر کہ آیا اوپینین پول اور ایکزٹ پول پر پابندی رہنے کے باوجود سابق رکن پارلیمان مسٹر لگڑاپاٹی راج گوپال کی جانب سے ہمیشہ کی طرح انتخابات سے قبل (یعنی دوسرے مرحلہ کی رائے دہی سے قبل) ایکزٹ پول جاری کرنا آیا یہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہے، جواب دیتے ہوئے مسٹر بھنور لال نے واضح طور پر کہاکہ مسٹر ایل راج گوپال کے خلاف نوٹس جاری کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اس ایکزٹ پولس و اوپینین پولس کو ٹیلی کاسٹ کرنے والے دس ٹیلی ویژن چیانلس کو بھی باقاعدہ طور پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں سوریا پیٹ مقام کے قریب گاڑی میں بھاری رقومات کے خاکستر ہوجانے کے واقعہ سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے کہاکہ اُنھوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر بی پرساد راؤ کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے سابق وزیر مسٹر اوتم کمار ریڈی کے خلاف کیس درج رجسٹر کرنے اور تحقیقات کرتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا مسٹر اتم کمار ریڈی کی گاڑی و رقومات ثابت ہونے کی صورت میں کیا کارروائی کی جائے گی، جواب دیتے ہوئے کہاکہ اتم کمار ریڈی اگر خاطی پائے جائیں تو انھیں تین سال کی سزا ہوسکتی ہے۔ مسٹر بھنور لال نے مزید کہاکہ 5 مئی کو سیما آندھرا علاقہ میں دوسرے مرحلہ کے تحت 25 لوک سبھا اور 175 اسمبلی حلقہ جات میں 4 بجے شام انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آئے گا اور انتخابی مہم کا وقت گزر جانے کے بعد کسی بھی نوعیت کی مہم نہیں چلائی جاسکے گی۔ سیاسی جماعتوں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر بھی اس تعلق سے پابندی عائد رہے گی۔ انھوں نے مزید کہاکہ رائے دہندوں کو راغب کرنے کسی بھی نوعیت کے ٹیلی کاسٹ اور اشاعت نہ ہونے کے اقدامات کرنے کی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے انتظامیہ سے خواہش کی اور کہاکہ سیما آندھرا میں رائے دہی کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔