انتخابات میں کانگریس کا صفایا ہوجائے گا

بی جے پی ترجمان ترون وجئے ایم پی کا بیان

حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) نے آج کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں کانگریس کو نشستوں کی بہت ہی کم تعداد حاصل ہوگی اور اس طرح اس کا صفایا ہوجائے گا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی ترجمان اور رکن پارلیمنٹ ترون وجئے نے کہا کہ کانگریس پارٹی ابتر صورتحال سے دوچار ہے ۔ دراصل کانگریس امیدوار تلاش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ کے لیے جن امیدواروں کا اعلان کیا گیا وہ بھی ٹکٹس واپس کررہے ہیں ۔ مسٹر ترون وجئے نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی اور اس نے ہندوستان کو تاریکی میں لے گئی ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران ، افراط زر ، ہندوستانی برآمدات میں کمی ، روپئے کی قدر گھٹ جانا ، سرحد پار دہشت گردی اور انتہا پسندی اور دوسرے مسائل سے ملک یو پی اے کے دس سالہ دور حکومت سے دوچار ہے ۔۔
۔