انتخابات میں کامیابی پر موسیٰ رام باغ کو مثالی حلقہ بنانے کا عزم

ٹی آر ایس امیدوار شریمتی سناریتا ریڈی کی انتخابی مہم میں شدت ، پیدل دورہ ، رائے دہندوں سے ملاقات

حیدرآباد ۔ /27 جنوری (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے بلدی ڈیویژن موسیٰ رام باغ (25) میں شریمتی تیگلا سناریتا ریڈی کے بحیثیت تلنگانہ راشٹریہ سمیتی امیدوار انتخابی مقابلہ میں اترنے کے بعد سیاسی منظر نامہ پوری طرح تبدیل ہوگیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی کے بعد موسیٰ رام باغ ڈیویژن کو مثالی حلقہ بنانے شریمتی سناریتا ریڈی نے اعلان کیا ہے ۔ موسیٰ رام باغ کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کے دوران انہوں نے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران بتایا کہ موسیٰ رام باغ ڈیویژن کی عوام علاقہ کی ترقی چاہتی ہے اور صرف تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی حکومت عوام کے اس خواب کو پورا کرسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سب کی خوشحالی ٹی آرایس کا منشا اور حیدرآباد کی ترقی ٹی آر ایس کا مقصد ہے اور انہوں نے اپنے ڈیویژن کو ایک مثالی حلقہ بنانے کا عزم کیا ہے ۔ انتخابی مہم کے دوران شریمتی سناریتا ریڈی نے خواتین سے ملاقات کی اور ان سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے جس کے لئے سٹی پولیس شی ٹیمس قائم کئے گئے ہیں ۔ اسی طرح ضعیف بیواؤں کیلئے پنشن اسکیم بھی متعارف کی گئی ہے جس کے تحت سینکڑوں ضعیف خواتین کو فائدہ پہونچ رہا ہے ۔ شریمتی سناریتا ریڈی نے بتایا کہ موسیٰ رام باغ ڈیویژن کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا جس میں ڈرینیج کی نئی لائین تنصیب کے علاوہ علاقہ میں مکمل طور پر اسٹریٹ لائیٹس کے نصب کو یقینی بنانا اور سڑکوں کی حالات کو بہتر بنانا ان کا منشا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس انتخابات میں ان کی جیت یقینی ہے کیونکہ عوام کو تلگودیشم اور بی جے پی کے بلند بانگ دعوؤں پر یقین نہیں ہے ۔