انتخابات میں پیسے اور مافیا کا استعمال تشویشناک

تلنگانہ میں 104 کروڑ روپئے کی ضبطی : رجت کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر ( این ایس ایس ) چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے آج کہا کہ آج کل انتخابات میں پیسے اور مافیا سے تباہی آ رہی ہے کیونکہ لوگ رائے دہی کے ذریعہ اپنا رول ادا کرنے میں پس و پیش کا شکار ہیں۔ رجت کمار انتخابات سے قبل ووٹرس میں شعور بیداری پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر رجت کمار نے انتخابات میں پیسے اور طاقت کے استعمال پر تشویش اور ناراضگی کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات میں پیسے اور شراب کے بہاو کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کے باوجود یساسی جماعتیں عوام کو ہر ممکنہ طریقے سے لالچ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ رائے دہی کو ایک ہفتے کا بھی وقت نہیں رہ گیا ہے سیاسی جماعتیں رائے دہندوں کو لالچ دینے خطیر رقومات خرچ کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کا پتہ اس بات سے چلتا ہے کہ انتخابات کے دوران ریاست میں 104 کروڑ روپئے نقد ‘ شراب ‘ ساز و سامان اور دوسری اشیا ضبط کی گئی ہیں اور ان سے پتہ چلتا ہے کہ انتخابی ضابطوں کی کس حد تک خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس بار 2014 کی بہ نسبت 28 کروڑ رو پئے زیادہ رقومات ضبط کی گئی ہیں۔ 2014 میں جو رقومات ضبط کی گئی تھیں وہ متحدہ آندھرا پردیش ریاست میں تھیں۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ رائے دہی میں حصہ لیں اور اپنا ووٹ استعمال کریں۔