انتخابات میں ٹی آر ایس حکومت کے خلاف عظیم اتحاد

سیکولر اور ڈیموکریٹک فورس کے طرز پر اتحاد کی تشکیل ، سی وینکٹ ریڈی
حیدرآباد۔12ستمبر(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکے تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری نے کہاکہ فسطائی طاقتوں کو شکست فاش کرنے کے لئے قومی سطح پر سکیولر اور ڈیموکریٹک فورسس کے اتحاد کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ جس طرح کوششیں کی جارہی ہیںاسی طرح تلنگانہ میںبھی عوامی جذبات کا احترام کرنے میںناکام ٹی آر ایس حکومت کے خلاف عظیم اتحاد کی تشکیل کے لئے کوششوں کا سلسلہ جاری ہے اور ٹی آر ایس کو مجوزہ اسمبلی انتخابات میںشکست فاش کرنے کے لئے مذکورہ اتحاد ہوکر رہے گا۔سی وینکٹ ریڈی آج یہاں سی پی آئی گریٹر حیدرآباد کے دفتر میں پارٹی کی شہری عاملہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل ہزاروں طلبہ کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ مگر تلنگا نہ میں حکومت کی تشکیل کے ساڑھے چا رسا ل کی تکمیل کے باوجود ٹی آر ایس بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو ریاست میں شہدائے تلنگانہ کی ایک یادگار قائم کرنے میںناکام رہے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ ساڑھے چار سال کے دور اقتدار میںعوام سے کئے گئے ایک بھی وعدے کو کے سی آر نے پورا نہیں کیاہے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ ریاست کا تعلیم یافتہ نوجوان طبقہ بے روزگاری کاشکار ہے۔ حکومت ان کی فلاح وبہبود کے لئے کسی بھی قسم کا موثر اقدام اٹھانے سے قاصر رہی ہے۔مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے ریاست کی عوام بھی دلبرداشتہ ہے ۔ مجوزہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کو شکست دینے کے لئے عظیم اتحاد کی تشکیل کی کوششوں کا سلسلہ جاری ہے اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اس اتحاد کا حصہ ضرور رہے گی۔ انہو ںنے کہاکہ تلنگانہ کی عوام کے مفاد میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے لئے فسطائی طاقتوں کو چھوڑ کر سی پی آئی ہر اس سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد کرنے میںپہل کریگی جو سکیولر او رڈیموکریٹک خطو ط پر کام کرتی ہیں۔ سی پی آئی گریٹر حیدرآباد سکریٹری ای ٹی نرسمہا‘ سلیم خان‘راکیش سنگھ کے علاوہ دیگر بھی اجلاس میںموجود تھے۔