اڈیشنل ڈائرکٹر انکم ٹیکس نوڈل آفیسر مقرر : 24 گھنٹے کام کرنے والے کنٹرول روم کا قیام
حیدرآباد 3 اپریل ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش میں لوک سبھا اور اسمبلی کیلئے انتخابات دو مراحل میں 30 اپریل اور 7 مئی کو منعقد ہونے والے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر محکمہ انکم ٹیکس کی ریاستی یونٹ نے سینئر آئی آر ایس عہدیداروں کو نوڈل آفیسر کی حیثیت سے مقرر کیا ہے تاکہ وہ امیدواروں کے اخراجات پر قریبی نظر رکھ سکیں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی رقومات ‘ زیورات اور دیگر قیمتی اشیا کی منتقلی پر بھی نظر رکھی جائیگی کیونکہ یہ اشیا بھی رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کیلئے استعمال کی جائیں گی ۔ اڈیشنل ڈائرکٹر انکم ٹیکس ( تحقیقات ) حیدراباد مسٹر بی وینکٹیشور راؤ کو ریاستی انکم ٹیکس نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے تاکہ وہ محکمہ انکم ٹیکس کی انتخابات سے متعلق سرگرمیوں کی نگرانی کرسکیں۔ حیدرآباد میں چوبیس گھنٹے کام کرنے والے ایک کنٹرول روم کو کارکرد بنادیا گیا ہے جس کا ٹال فری نمبر ‘ لینڈ لائین فون نمبر ‘ موبائیل نمبر ‘ فیکس نمبر اور ایک ای میل آئی ڈی بھی ہے ۔ عوام میں کسی بھی شخص کو غیر قانونی رقومات ‘ زیورات یا پھر دوسری قیمتی اشیا رائے دہندوں میں تقسیم کرنے کے تعلق سے کوئی اطلاع ہے تو وہ کنٹرول روم کو فراہم کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی ڈائرکٹر انکم ٹیکس رتبہ کے دس آئی آر ایس عہدیداروں کو انتخابات سے متعلق سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے ضلع نوڈل آفیسرس کی حیثیت سے متعین کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں 67 انکم ٹیکس آفیسرس کو اسسٹنٹ نوڈل آفیسرس کی حیثیت سے متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ نوڈل آفیسرس کی مدد کرسکیں۔ اسسٹنٹ نوڈل آفیسرس کی مدد کیلئے کئی انکم ٹیکس انسپکٹران اور دیگر عہدیداران رہیں گے ۔
ہر اسسٹنٹ نوڈل آفیسر کو کچھ مقررہ اسمبلی حلقوں کا انچارچ بنایا گیا ہے ۔ عوام راست طور پر کنٹرول روم سے ایس ایم ایس ‘ فون ‘ ای میل کے ذریعہ کسی بھی اطلاع کے سلسلہ میں رابطہ کرسکتے ہیں اور رقومات و غیرہ کی منتقلی کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط کے مطابق اگر رقم یا زیورات ضبط کئے گئے تو یہ انکم ٹیکس نوڈل آفیسرس کے حوالے کی جائیں گی تاکہ مزید تحقیقات ہوسکیں۔ یہ تقررات الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کے اخراجات پر نظر رکھنے کیلئے پہلے ہی سے تقرر کردہ اخراجات مبصرین کے علاوہ ہونگے ۔ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے تمام عوامی مقامات ‘ عوامی حمل و نقل کے ذرائع اور مشتبہ ایجنسیوں ‘ افراد اور علاقوں پر نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ رائے دہندوں کو رجھانے کیلئے رقومات کی کو روکا جاسکے ۔ نوڈل آفیسرس ضلع انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ رابطہ میں ہیں تاکہ عملہ کو موثر نگرانی کیلئے درکار ٹریننگ دی جاسکے ۔