انتخابات میں روزانہ 18گھنٹے کام کریں

چندرابابو نائیڈو کی تلگودیشم پارٹی کیڈر کو ہدایت
حیدرآباد21مارچ (سیاست نیوز ) آندھراپردیش کے وزیراعلی وتلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے واضح کیا ہے کہ ریاست کی تمام خواتین یکطرفہ طورپر حکمران جماعت کے ساتھ ہیں ،تمام کسانوں نے بھی برسراقتدار جماعت کا پرچم تھام لیا ہے اور نوجوان بھی تلگودیشم کی حمایت کر رہے ہیں۔چندرابابونائیڈو جو روزانہ تلگودیشم پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کرتے ہیں، نے آج بھی اپنی ٹیلی کانفرنس کے دوران ہر کارکن پر زور دیا کہ وہ آنے والے انتخابات کے سلسلہ میں روزانہ 18گھنٹے کام کریں اور عوام میں پائے جانے والے خدشات کو دور کرتے ہوئے تلگودیشم کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کریں۔تمام مذاہب اور ذاتوں سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم کے حق میں اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے ریاست کی اصل اپوزیشن جماعت وائی ایس آرکانگریس کے سربراہ جگن موہن ریڈی پرشدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ جگن نے ماضی میں کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کا اعلان کیا تھا اور اب وہ کسانوں کے لئے مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔انہوں نے پارٹی کیڈر کو ہدایت دی کہ آئندہ 18دنوں میں پارٹی کی انتخابی تشہیری مہم میں شدت پیدا کی جائے ۔