محکمہ انکم ٹیکس کے تعاون سے الیکشن کمیشن کی خصوصی نگرانی : رجت کمار
حیدرآباد۔ 30 ستمبر (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے آج کہا کہ اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے والی اس ریاست میں دولت کی غیرقانونی ریل پیل کو روکنے کی کوشش کے ایک حصہ کے طور پر الیکشن کمیشن بھی محکمہ انکم ٹیکس کی مدد سے بینکوں میں بھاری رقومات کی معاملتوں پر نظر رکھے گا۔ یہ عمل اس ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ رہنے تک جاری رہے گا جہاں ریاستی اسمبلی کو اس کی میعاد سے 8 ماہ قبل ٹی آر ایس حکومت کو سفارش پر تحلیل کردیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے ریاست کے دورہ کے موقع پر بینک معاملتوں پر نظر رکھنے کیلئے تلنگانہ کے پرنسپال چیف کمشنر آف انکم ٹیکس کے دفتر سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ رجت کمار نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’(انکم ٹیکس) آفس ان معاملتوں پر نظر رکھنے کی ضرورت سے باخبر ہے اور ہم بھی نظر رکھے ہیں۔ فی الحال محکمہ انکم ٹیکس کے ذریعہ ان معاملتوں پر نظر رکھی جارہی ہے اور اگر ضروری ہو تو بینکوں سے تفصیلات بھی جمع کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مختلف سیاسی جماعتوں کے ان 122 امیدواروں کی نوٹس جاری کی گئی ہے جنہوں نے گزشتہ انتخابات میں مقابلہ کیا تھا اور تاحال اپنے انتخابی مصارف کی تفصیلات داخل نہیں کئے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ ریاست کے تمام حلقوں میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور ووٹوں کی آڈٹ ٹرائیل پرچی سے متعلق رائے دہندوں اور دیگر متعلقین کو معلومات کی فراہمی کے لئے ایک یا دو دن میں 1,000 موبائیل یونٹس تعینات کی جائیں گی۔