ٹی آر ایس کا پرگتی نویدنا فلاپ شو ، پروفیسر کودنڈا رام
حیدرآباد۔5ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ جناسمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈارام نے ٹی آر ایس پارٹی کے پرگتی نویدنا سبھا کو سب سے بڑا فلاپ شوقراردیا اور کہاکہ پچیس لاکھ افراد کو جمع کرنے کے دعوے کئے گئے تھے مگر مختلف ذرائع سے ملی اطلاعات اور خفیہ محکموں کی جانکاری کے مطابق چار لاکھ سے بھی کم لوگ ٹی آر ایس پارٹی کے اس جلسے میںشریک ہوئے تھے اور انہیںجمع کرنے کے لئے پانی کی طرح پیسہ بہایا گیا ہے۔آج یہاںتلنگانہ جنا سمیتی کے دفتر میں اپنی 63ویں سالگرہ کے موقع پر پروفیسر کودنڈارام نے کہاکہ جس مقصد کو بنیاد بناکر ٹی آر ایس نے علیحدہ تلنگانہ میں اقتدار حاصل کیا ہے اس کو چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے پوری طرح فراموش کردیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میںحکومت تلنگانہ پوری طرح ناکام رہی ہے اور اپنی خامیوں کوچھپانے کے لئے پرگتی نویدنا سبھا کے نام پر جلسہ کرکے عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ تلنگانہ کی عوام جذباتی ضرور ہے مگر بے وقوف نہیںہے۔ عوام کو اس بات کا اچھی طرح اندازہ ہے کہ اسمبلی تحلیل کرنے سے قبل بلند بانگ دعوئوں کے ساتھ جلسہ کرنے کے پیچھے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کا مقصد کیاتھا ۔ عوام نے پانچ سال کے لئے اقتدار سے ٹی آر ایس کو نوازا تھا مگر عوام کو دھوکہ دے کر قبل ازوقت انتخابات کرانے کے فیصلے سے ظاہر ہے کہ ٹی آر ایس صدر کے سی آر کو اس بات کا اچھی طرح اندازہ ہوگیا ہے کہ ریاست میںان کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔پروفیسر کودنڈارام نے کہاکہ اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد پھر دوبارہ ایک اور جلسہ کے انعقاد کا منصوبے بناکر عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ پروفیسر کودنڈارا م نے کہاکہ تلنگانہ جنا سمیتی تلنگانہ کی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف خاموشی اختیار نہیںکریگی ۔ ٹی آر ایس کی عوام دشمن پالیسیوں اور عوام کے ساتھ کئے گئے دھوکے پر مشتمل شعور بیداری مہم ریاست بھر میںچلائی جائے گی ۔ ستمبر کے آخر تک ریاست کے تمام اضلاع میں عوام سے رجوع ہونگے اور ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کے متعلق انہیں واقف کروائیں گے۔ انتخابات میں سمیتی کسی کے سہارے الیکشن یاکسی کو ساتھ لے کر الیکشن میںمقابلہ نہیںکریگی ۔ سمیتی ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں پر تنہا مقابلے کی تیاری کررہی ہے ۔ اس کے لئے ٹی جے ایس کی جانب سے تمام تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔