نئی دہلی11اپریل(سیاست ڈاٹ کام )اپنی اداکاری سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والی بالی ووڈ ہستیاں انتخابی میدان میں بھی اپنے جلوے دکھانے میں پیچھے نہیں رہی ہیں اور انہوں نے کئی بار سیاست کی بڑی بڑی شخصیات کو پچھاڑا ہے ۔مقبولیت اور لوگوں کی پسندیدگی کی بدولت انتخابی سیاست میں اپنا اثر دکھانے والے بالی وود اداکاروں میں سنیل دت ،امیتابھ بچن،ہیمامالینی،ونود کھنہ،شتروگھن سنہا،راجیش کھنہ،دھرمیندر ،جیاپردا،راج ببر،گووندا،سمریتی ایرانی،پریش راول،کرن کھیرشامل ہیں۔70کی دہائی میں اس کی وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کے ذریعہ ملک میں ایمرجنسی لگائے جانے پر دیگر علاقوں کی طرح بالی ووڈ کے لوگ بھی ایمرجنسی کی مخالفت میں سامنے آئے ۔مشہور اداکار دیو آنند نے بالی ووڈ کے ساتھی اداکاروں اور حامیوں کے ساتھ 1977میں حکومت کے خلاف کھل کر تشہیر کی۔دیو آنند نے سیاست میں فعال حصہ داری کی مقصد سے ایک نئی سیاسی پارٹی’نیشنل پارٹی‘ بھی تشکیل دی۔حالانکہ اس پارٹی کو امید کے مطابق کامیابی حاصل نہیں ہوئی اور بعد میں یہ ختم ہوگئی۔انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمانے والوں میں مشہوراداکار سنیل دت کا نام سرفہرست لیاجاتا ہے ۔فلموں کے علاوہ سماجی خدمت کے شعبہ میں ان کے قابل قدر تعاون کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت نے انہیں ایک سال کے لئے ممبئی کا شیرف بھی مقرر کیاتھا۔