ٹی آر ایس 14 امیدواروں کی لسٹ ایک ہفتہ یا دس دن میں جاری کریگی: کارگزار چیف منسٹر
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹی آر ایس امیدواروں کی فہرست پر تبصرہ کرتے ہوئے کارگزار وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے بیان دیا کہ دو موجودہ ایم ایل ایز کو فہرست میں سے نکال دیا گیا ہے اور مزید پانچ ایم ایل ایز کے بارے میں غور و خوض کیا جائے گا۔ 105ایم ایل ایز کو دوبارہ نامزد کردیا گیا ہے اور باقی 14 نشستوں کیلئے ایک ہفتہ یا دس دن میں اعلان کردیا جائے گا۔ مسٹر راؤ نے اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے عاجلانہ انعقاد راجستھان، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور میزورم اسمبلیوں کے انتخابات کے ساتھ ہی کرائے جانے کی امید ہے۔ امید کہ انتخابات کا نوٹیفکیشن اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں ، انتخابات کا انعقاد نومبر اور نتائج کا اعلان ڈسمبر میں ہونے کی توقع ہے۔ ان کی توقعات دراصل ان کی چیف الیکشن کمشنر سے حالیہ ملاقات کے ضمن میں ہے اس کے علاوہ ریاست کے دو سینئر حکام نے بھی الیکشن کمیشن سے ملاقات کی ہے۔ مسٹر راؤ نے اس بات کی تردید کی کہ ریاست چونکہ جنوری۔ فبروری میں انتخابات کا شیڈول ہے چنانچہ ریاست عاجلانہ انتخابات کیلئے پہل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محض چھ ماہ قبل انتخابات کروانے کی قربانی اس لئے دی کہ کانگریس کو ریشہ دوانیوں سے دور رکھا جاسکے۔