فلوجہ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) عراق کے شمالی اضلاع میں دولت اسلامیہ عراق وشام ’داعش ‘ کے خلاف جاری آپریشن میں عراقی سیکیورٹی فورسز نے الانبار، صلاح الدین اور کرکوک گورنریوں میں پیش قدمی کا دعویٰ کرتے ہوئے 124 داعشی جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ’العربیہ ‘ کے مطابق صوبہ دیالہ کے گورنر نے بتایا کہ پچھلے تین ماہ میں 22 مختلف دیہات سے نقل مکانی کرنے والے سیکڑوں خاندان گھروں کو واپس آگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ واپس آنے والے شہری صلاح الدین اور دیالی کی سرحد پر پھیلے علاقوں میں موجود اپنے گھروں کو لوٹے ہیں۔دوسری جانب عالمی اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے جمعہ کے روز البغدادی، الرمادی، فلوجہ اور تلعفر گورنریٹس میں 16 فضائی حملے کیے ہیں جن میں متعدد جنگجو ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کئے گئے۔انبار میں داعش کے خلاف سکیورٹی فورسز کی پیش قدمی کے دعوے کے باوجود عراق کے نائب صدر ایاد علاوی نے خبردار کیا ہے کہ مفتوحہ علاقوں میں سیاسی اور عسکری بالادستی کے وجود کا نہ ہونا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ انہوں نے داعش کے خلاف جاری کارروائی میں انٹلیجنس معلومات کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ عراقی فورسز کے داعش کے خلاف آپریشن اور عالمی اتحادی فوج کے درمیان کسی قسم کا رابطہ نہیں ہے۔ حالانکہ مثبت نتائج کے حصول کے لیے عراقی فوج اور اتحادی ممالک کے درمیان مکمل رابطہ اور ہم آہنگی ہونی چاہیے۔