ممبئی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نامور سماجی کارکن انا ہزارے نے 1100 کیلو میٹر طویل پدیاترا کا اعلان کیا ہے تاکہ مرکزی حکومت پر حصول اراضی قانون کی کاشتکار دشمن دفعات کے سلسلہ میں دباؤ ڈالا جاسکے۔ اِس پدیاترا کا آغاز گاندھی آشرم سیوا گرام (واردھا) سے ہوگا اور اختتام رام لیلا میدان نئی دہلی پر ہوگا۔ ہزارے نے اپنے ایک بیان میں آج کہاکہ پدیاترا مہاتما گاندھی کے تاریخی ڈانڈی مارچ کے مماثل ہوگی۔ توقع ہے کہ دہلی تک کا فاصلہ 3 ماہ میں طے کیا جائے گا۔ جلوس کا پروگرام 9 مارچ کو سیوا گرام پر منعقدہ ایک اجلاس میں طے کیا جائے گا ۔ انا ہزارے نے گزشتہ ماہ جنتر منتر دہلی پر بجٹ اجلاس کے دوران دو روزہ احتجاج بھرشٹاچار ورودھی جن آندولن نیاس کے پرچم تلے کیا تھا۔ احتجاج کی تائید کاشتکاروں کے کئی گروپس کررہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کے اُن کے گزشتہ ماہ احتجاج پر ردعمل سے ناراض انا ہزارے نے کہاکہ مختلف ریاستوں کے کاشتکار گروپس نے 23 تا 25 فروری گزشتہ ماہ احتجاج کیا تھا، جس کے بعد مرکزی حکومت نے کاشتکاروں کو تیقن دیا تھا کہ اگر حصول اراضی آرڈیننس کاشتکاروں کے ساتھ ناانصافی ہے تو وہ اِس میں ترمیم کرنے تیار ہیں لیکن حکومت نے اب نیا بِل پیش کیا ہے۔