انا ہزارے کا ’’اصلی آزادی ابھیان‘‘

ہندوستان چھوڑ دو تحریک کی یاد میں ملک بھر میں 9 اگسٹ سے شروع ہوگا
جئے پور 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکمراں اور اپوزیشن پارٹیوں دونوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہ انتخابات کے دوران اِن پارٹیوں نے اندھا دھند عطیات جمع کرلئے ہیں۔ انا ہزارے نے آج اعلان کیاکہ وہ 9 اگسٹ سے ممبئی میں ’’اصلی آزادی ابھیان‘‘ شروع کریں گے۔ ہندوستان چھوڑ دو تحریک کی یاد میں یہ ابھیان شروع کیا جائے گا۔ یہاں پر سرودھیا لیڈر سدھاراج دھادھا پر ایک یادگار لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے سماجی جہدکار نے کہاکہ 9 اگسٹ کے بعد سے ہندوستان کے 9 بڑے شہروں میں اِسی طرز کے پروگرام شروع کئے جائیں گے اور تقریباً 660 اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا۔ اِس تحریک کے لئے ہر ضلع میں دو نمائندوں کو منتخب کیا جائے گا۔ دلچسپی رکھنے والے افراد خاص کر نوجوانوں کو اِس تحریک میں شامل کیا جائے گا۔ بنگلور، چینائی، کولکتہ، ممبئی اور دہلی کے بشمول 9 بڑے شہروں میں مشاورتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ انا ہزارے نے کہاکہ ہمیں آزادی تو ملی1947 ء میں لیکن نقلی آزادی ملی۔ دونوں حکمراں اور اپوزیشن پارٹیاں عوام کو ہراساں کرتے ہوئے اِن کی اراضیات پر قابض ہورہی ہیں۔ رشوت ستانی میں ملوث ہیں۔ تشدد اور لوٹ کھسوٹ جاری ہے۔ الیکشن فنڈس کے نام پر یہ پارٹیاں بے حساب عطیات وصول کررہی ہیں اور اپنے کالے دھن کو سفید بنارہی ہیں۔