انا ڈی ایم کی کی ہنگامہ آرائی راجیہ سبھا اجلاس لگاتار 16 ویں دن بھی ملتوی

۔40 سبکدوش ارکان کی رسمی وداعی بھی نہیں کی جاسکی، وینکیا نائیڈو کا اظہار برہمی
نئی دہلی 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا لگاتار 16 ویں دن آج بھی کارروائی نہیں چلائی جاسکی اور نہ ہی سبکدوش ہونے والے 40 ارکان کی رسمی طور پر وداعی عمل میں لائی جاسکی کیوں کہ دریائے کاویری کے مسئلہ پر انا ڈی ایم کے کے ارکان کے پُرشور احتجاج کے سبب صدرنشین ایم وینکیا نائیڈو نے دن بھر کے لئے کارروائی ملتوی کردی۔ اُنھوں نے مقررہ کاغذات پیش کرنے کے بعد کہاکہ سبکدوش ہونے والے ارکان کو ایوان کی طرف سے وداع کیا جائے گا۔ تاہم انا ڈی ایم کے کے ارکان پلے کارڈس تھامے، نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہونچ گئے اور تلگودیشم کے ارکان بھی ان کے ساتھ شامل ہوگئے۔ اس وقت وزیراعظم نریندر مودی بھی ایوان میں موجود تھے۔ وینکیا نائیڈو نے احتجاجی ارکان کو اپنی نشستوں پر بیٹھ جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ’’آیا ہمارے پاس سبکدوش ہونے والے ارکان کے تئیں بھی کوئی خیرسگالی نہیں ہے‘‘۔ تاہم اُن کی اپیل بے اثر ثابت ہوئی۔ اُنھوں نے قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد اور قائد ایوان ارون جیٹلی سے کہاکہ ’’کیا ہم اس حد تک بے بس ہوگئے ہیں؟‘‘ جس پر آزاد نے کہاکہ ایوان کو چلنے دیا جانا چاہئے۔ مملکتی وزیر پارلیمانی اُمور وجئے گوئل نے بھی احتجاجی ارکان سے اپیل کی کہ وہ ایوان کی کارروائی چلنے دیں۔ اُنھیں انا ڈی ایم کے کے رکن وی مائیترین کو احتجاج ترک کرنے اور سبکدوش ارکان کی وداعی کا عمل شروع کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ جس کے باوجود انا ڈی ایم کے اور تلگودیشم کے ارکان باز نہیں آئے۔ نائیڈو نے 15 منٹ کے لئے ایوان کو ملتوی کردیا اور مختلف جماعتوں کے قائدین کو اپنے چیمبرس میں ملاقات کرنے کی ہدایت کی۔ ارکان جیسے ہی دوبارہ جمع ہوئے نائیڈو نے ایوان میں امن بحال کرنے پھر ایک مرتبہ درخواست کی۔ انھوں نے کہاکہ ’’یہ ایک انتہائی اہم موقع ہے … 40 ارکان سبکدوش ہورہے ہیں۔ ہم اُنھیں وداعی دینا چاہتے ہیں‘‘۔