دورۂ امیٹھی کا طوفانی آغاز ۔ سیاہ جھنڈیوں کا مظاہرہ اور سنگباری ۔ خوفزدہ نہ ہونے وشواس کا اعلان
امیٹھی 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) راہول گاندھی کے حلقہ انتخاب امیٹھی میں عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس کی مہم کا آج طوفانی انداز میں آغاز ہوا جہاں ان کو سیاہ جھنڈیاں دکھائی گئیں ‘ ان کے قافلہ پر سنگباری بھی کی گئی تاہم وشواس نے کہا کہ وہ اس طرح کے احتجاج اور واقعات سے خوفزدہ نہیں ہونے والے ہیں اور وہ امیٹھی میں رہیں گے ۔ انہوں نے کانگریس کے نائب صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ عام آدمی کیلئے بہت کم کرتے ہیں۔ راہول گاندھی کے حلقہ میں انہیں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وشواس نے کہا کہ ’’ راج کمار ‘‘ راہول گاندھی دلتوں کے گھروں میں کھانا کھاکر محض دکھاوا کر رہے ہیں اور انہوں نے پارلیمنٹ میں گذشتہ 10 سال کے دوران اپنے حلقہ امیٹھی کے عوام کے تعلق سے ایک بھی سوال نہیں اٹھایا ہے ۔
انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ شہزادہ کی بجائے عام آدمی کیلئے ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ آپ نے اب تک یوراج ‘ مہاراج اور مہارانی کی کامیابیوں کو یقینی بنایا ہے اب اس بار آپ درست بٹن دباتے ہوئے ایک خدمت گذار کو منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ سیاہ جھنڈیاں دکھا کر یا انڈے پھینک کر سنگباری کرنے پر میں یہاں سے چلا جاؤنگا تو یہ غلط ہے ۔ یہ عام آدمی اور راجکمار کے مابین لڑائی ہے ۔ وہ امیٹھی چھوڑنے والے نہیں ہیں ۔ وہ زندہ رہیں گے یا پھر آئندہ تین ماہ میں یہاں سے ان کی نعش ہی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت بھی خوفزدہ نہیں تھے جب ہم نے مہارانی کے داماد کے خلاف کرپشن کا مسئلہ اٹھایا تھا ۔ وشواس جب امیٹھی پہونچے تو کچھ افراد نے انہیں سیاہ جھنڈیاں دکھائیں اور ان کے خلاف نعرے بھی لگائے ۔ احتجاجیوں نے وشواس کا پتلا بھی نذر آتش کیا اور کہا کہ جو شخص مذہبی جذبات کا احترام نہیں کرتا اسے امیٹھی میں قبول نہیں کیا جائیگا۔
وشواس نے تاہم کہا کہ اگر ان سے کسی کو تکلیف ہوئی تھی تو وہ اپنے متنازعہ ریمارکس پر معذرت خواہی کرچکے ہیں۔ پارٹی کارکنوں کو ریلی کے مقام تک لانے والی دو بسوں پر بھی احتجاجیوں کی جانب سے سنگباری کی گئی اور انڈے پھینکے گئے ۔ سنگباری کے نتیجہ میں بسوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ یہ واقعہ گاندھی چوک علاقہ میں پیش آیا ۔ جب کمار وشواس سے اس احتجاج کے تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ اسپانسر احتجاج ہے اور وہ راہول گاندھی کو ایک بھاری فرق سے لوک سبھا انتخابات میں شکست دینگے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ احتجاج کیوں ہو رہا ہے ؟ ۔ کیا امیٹھی ایک علیحدہ ملک ہے جہاں انہیں جانے کیلئے پاسپورٹ وغیرہ کی ضرورت ہوگی ؟ ۔