امیر پیٹ تا ایل بی نگر میٹرو ریل کا آئندہ ماہ افتتاح

کے ٹی آر نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا ، پارکنگ کیلئے ٹنڈرس کی طلبی، حیدرآباد میں 500 الیکٹرک بسوں کا جلد آغاز

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ امیر پیٹ تا ایل بی نگر میٹرو راہداری کا جولائی کے اواخر میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا ۔ دوسرے مرحلہ کا کام تیزی سے جاری ہے اور حکومت عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم کو مزید موثر بنانے کے اقدامات کر رہی ہے تاکہ گریٹر حیدرآباد کے عوام کو سفر کی بہتر سہولتیں حاصل ہوسکیں۔ کے ٹی آر نے آج ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی ، میئر حیدرآباد بی رام موہن ، پرنسپل سکریٹری شہری ترقیات اروند کمار ، مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل ، این وی ایس ریڈی اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ امیرپیٹ اسٹیشن تا ایل بی نگر اسٹیشن میٹرو ریل میں سفر کرتے ہوئے اس روٹ پر جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ اس تجرباتی سفر کے دوران میٹرو ریل اور ایل اینڈ ٹی کے عہدیداروں نے کے ٹی آر کو تعمیری کاموں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ کے ٹی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دوسرے مرحلہ کا کام جولائی کے اواخر تک بہر صورت مکمل کرلیا جائے تاکہ چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح انجام دیا جاسکے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم کو مستحکم کرنے کیلئے حکومت میٹرو ریل پراجکٹ پر جلد عمل آوری کی خواہاں ہے۔ ناگول تا میاں پور پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے اور اس روٹ پر روزانہ 80,000 سے زائد افراد سفر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینائی اور بنگلور میں میٹرو ریل کا تجربہ توقع کے مطابق کامیاب نہیں رہا جبکہ حیدرآباد میں میٹرو ریل پراجکٹ کو غیر معمولی کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 29 کیلو میٹر کا کام شروع ہوچکا ہے اور مزید 16 کیلو میٹر کو شامل کرتے ہوئے جملہ 45 کیلو میٹر کی روٹ تیار کی جائے گی ۔ حکومت ہند سے سیفٹی سرٹیفکٹ حاصل ہوچکا ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل اور ایل اینڈ ٹی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مقررہ مدت میں کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔

میٹرو ریل اسٹیشنوں کے قریب پارکنگ سہولتوں کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 42 ملٹی لیول کار پارکنگ کیلئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ 15 دنوں میں ٹنڈرس کو قطعیت دے دی جائے گی اور پارکنگ لاٹس کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کی سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ نامپلی ریلوے اسٹیشن اور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کو میٹرو ریل سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن پر روزانہ ہزاروں مسافرین آتے ہیں اور انہیں بس سے اترتے ہی گھر جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ حیدرآباد میٹرو ریل ، سٹ ون اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مشترکہ طور پر اس سلسلہ میں حکمت عملی تیار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بس اسٹیشن سے الیکٹرک بسوں کے آغاز کی تجویز ہے۔ سٹ ون کو اس پراجکٹ میں شامل کرتے ہوئے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ میاں پور اسٹیشن پر الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کی سہولت فراہم کی جائیں گی۔ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشن کے طور پر میاں پور میں انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک گاڑیوں کیلئے چارجنگ کی سہولت ضروری ہے ، لہذا تجرباتی طور پر میاں پور اسٹیشن میں یہ سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی حیدرآباد میں 500 الیکٹرک بسوں کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی اس سلسلہ میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کو دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا عوامی اور خانگی شراکت کا پراجکٹ قرار دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ نامپلی اسٹیشن تا رنگ محل ہیریٹیج کوریڈار تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے تاکہ حیدرآباد کے تاریخی و تہذیبی ورثہ کا تحفظ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس راہداری پر تاریخی عمارتوں کی تعمیر و مرمت کا کام انجام دیا جائے گا ۔

ایچ ای ایچ دی نظام اینڈ علاء الدین ٹکنیکل انسٹی ٹیوٹ میں داخلے
حیدرآباد 20 جون (راست) ایچ ای ایچ دی نظام اینڈ علاء الدین ٹکنیکل انسٹی ٹیوٹ آئی ٹی آئی بوگل کنٹہ عابڈس میں مندرجہ ذیل کورسیس جیسے الیکٹریشن، الیکٹرانکس میکانک، میکانک موٹر وہیکل اور ریفریجریشن ایرکنڈیشنگ میں داخلے جاری ہیں۔ تمام کورسیس کی مدت 2 سال ہے۔ امیدوار کی عمر 14 سال سے زائد ہونا چاہئے۔ داخلے کے خواہشمند طلباء آفس اوقات 9 بجے صبح تا 4 بجے شام ٹریننگ سنٹر پر یا فون نمبر 040-24754007 پر ربط کریں۔
اے وی کالج کے ڈگری کورسیس میں داخلے
حیدرآباد 20 جون (پریس نوٹ) اے وی کالج دومل گوڑہ، گگن محل نزد لور ٹینک بینڈ میں ڈگری کورسیس جیسے بی اے، بی کام اور بی ایس سی سال اول 2018-19 ء میں داخلے جاری ہیں جس میں دوسری زبان عربی اور فرینچ، سنسکرت، تلگو، ہندی ہے۔ عربی دوسری زبان کے خواہشمند طلباء اے وی کالج میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ تفصیلات کے لئے فون نمبر 9848445563 پر رابطہ کریں۔