واشنگٹن۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدارت کی دوڑ میں شامل ری پبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر مجوزہ پابندی کا اطلاق ان کے ’دولت مند مسلم دوستوں‘پر نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ مسلمانوں سے نفرت کی بنیاد پر اپنی صدارتی مہم کو آگے بڑھانے والے ڈونالڈ ٹرمپ کا ایک ریلی سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ مسلمانوں میں امریکہ کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے جس کے باعث امریکہ میں مزید حملے ہو سکتے ہیں، اس لیے جب تک اس نفرت کی وجوہات معلوم نہیں کر لی جاتیں اُس وقت تک امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہونی چاہیے۔ ٹرمپ کے اس بیان پر وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا۔ یو ایس اے ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایک تقریب کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’میرے بہت سے دوست ہیں جو مسلمان ہیں اور وہ مجھے کال کرتے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر بہت امیر مسلمان ہیں‘‘۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ڈونالڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں مسلمانوں پر پابندی کے دوران ان ’امیر مسلمان دوستوں‘ کو امریکہ میں داخلے کی اجازت ہوگی، تو ٹرپ کا کہنا تھا، ’’وہ آئیں گے‘‘۔
امریکی ریاست الاسکا میں 6.4 شدت کا شدید زلزلہ
واشنگٹن۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست الاسکا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے بعد لوگوں میںشدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم زلزلے کے نتیجے میں تاحال کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلا ع نہیں ملی۔ امریکی جیولوجیکل سروے حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے مرکز اور دیگر تفصیلات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔