امیر قطر کو صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی مبارکباد

نئی دہلی۔24 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج قطر کی حکومت اور عوام کو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ ان کے دفتر سے جاری کردہ پیام مبارکباد میں کہا گیا ’’حکومت اور ہندوستان کے عوام کے علاوہ خود میری جانب سے مَیں امیر قطر اور مملکت قطر کے عوام کو امیر قطر کی تخت نشینی کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تاریخی تعلقات کی جڑیں کافی گہرائی میں اُتری ہوئی ہیں۔ ہزار سالہ قدیم ثقافتی، مذہبی اور معاشی تعلقات ہیں جن کی ایک خصوصیت عوام سے عوام کے درمیان شدت کا ربط ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مختلف شعبوں میں کثیر جہتی شراکت داری مزید گہری ہوگی، اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کیلئے تعاون مستحکم ہوگا۔