امیر قطر شیخ تمیم کا منگل سے دو روزہ دورہ

نئی دہلی ، 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امیر قطر یہاں دو روزہ دورے پر منگل کو پہنچیں گے جس کے دوران ہندوستان اس خلیجی مملکت کی مدد طلب کرے گا کہ عراق میں آئی ایس آئی ایس عسکریت پسندوں کے اغوا کردہ 39 ہندوستانیوں کی رہائی حاصل کی جاسکے، جس کے علاوہ تجارتی روابط کو فروغ دینے کی راہیں کھوجی جائیں گی۔ ہندوستان نائب صدر کیوبا مائیگل دیاز۔کانل کی بھی میزبانی کرے گا جو یہاں دوشنبہ کو سہ روزہ سفر پر پہنچیں گے ، جس کے دوران وہ اعلیٰ قیادت بشمول وزیراعظم نریندر مودی اور صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کریں گے۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے ہمراہ وزراء، سرکردہ عہدیداروں اور تاجرین پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد رہے گا ۔ قطر ہندوستان کی لکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کا 86 فیصد حصہ سربراہ کرتا ہے اور خلیجی خطہ میں اہم شراکت دار ہے۔ باہمی سالانہ تجارت لگ بھگ 16 بلین امریکی ڈالر ہے۔