لندن ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو برطانیہ کے دورے کے موقع پر دہشت گردی کی حمایت پر سخت سوالات کا سامنا ہے۔وہ اتوار کو برطانیہ کے سرکاری دورے پر لندن پہنچے تھے۔ان کی آمد سے ایک ہفتہ قبل ہی بی بی سی نے قطر حکومت کی جانب سے دہشت گرد گروپوں کو بھاری رقوم دینے سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی تھی۔اس میں بتایا گیا تھا کہ قطر نے عراق اور شام میں دہشت گرد گروپوں کو اپنے یرغمال شہریوں کی رہائی کے لیے ایک ارب ڈالرز تاوان کے طور پر ادا کیے تھے۔شیخ تمیم کو 2014ء میں بھی دورے کے موقع پر برطانوی سیاست دانوں کی جانب سے ایسے ہی سوالات کا سامنا ہوا تھا اور ان سے انتہا پسند گروپوں پر بھاری دولت لٹانے پر پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔لندن سے شائع ہونے والے عرب روزناموں نے برطانوی سفارتی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ امیرِ قطر اس دورے سے اپنے نظام کا تشخص بہتر بنانا چاہتے ہیں کیونکہ اس کو دنیا میں دہشت گردی کے ایک اسپانسر ملک کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔