صدر بی جے پی صرف 4 منٹ تقریر کرسکے ، جلسہ گاہ میں افراتفری و انتشار
سورت 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ، چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی اور پارٹی کے دیگر قائدین پر ہاردک پٹیل کی پتی دار انامت آندولن سمیتی کے ارکان کے شوروغل اور فقرے کسنے کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے فرنیچر کی توڑ پھوڑ بھی کی۔ جلسہ گاہ کے باہر انتشار کا عالم تھا جہاں پٹیل برادری کے ارکان جو مقامی تھے، پولیس پر سنگباری کررہے تھے۔ پٹیل برادری کے مستحکم گڑھ میں یہ جلسہ بی جے پی کی طاقت کا مظاہرہ سمجھا جارہا تھا لیکن پٹیل قائدین کو اپنی تقریریں مختصر کرنی پڑیں۔ نعرہ بازی کے دوران امیت شاہ صرف 4 منٹ تقریر کرسکے۔ اس کے بعد جلسہ اچانک ختم کردیا گیا۔ گڑبڑ کا آغاز اُس وقت ہوا جبکہ جلسہ شروع بھی نہیں ہوا تھا۔
پٹیل کوٹہ کے احتجاجیوں نے جئے سردار جئے پتی دار کے نعرے بلند کئے۔ ہاردک پٹیل کی ستائش کی۔ جلسہ گاہ میں فرنیچر کو نقصان پہنچایا اور کرسیاں ہوا میں اُچھالیں۔ حالانکہ پولیس نے پتی دار طبقہ کے کئی افراد کو حراست میں لے لیا لیکن احتجاج اور نعرہ بازی جاری رہی۔ اسی دوران امیت شاہ اور روپانی نے اپنی تقریریں شروع کردی تھیں لیکن انھیں اپنی تقریریں مختصر کردینی پڑیں۔ امیت شاہ کی تقریر 4 منٹ اور روپانی کی تقریر 3 منٹ میں ختم کردی گئی۔ منتظمین نے جلسہ کے اختتام کا اعلان کیا اور قائدین کو بحفاظت جلسہ گاہ سے باہر منتقل کیا۔ پروگرام کے موقع پر گڑبڑ متوقع تھی۔