شیلانگ ۔ 21 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ کل میگھالیہ کا دورہ کر رہے ہیں جہاں ’’بیف پارٹی‘‘ اور بند کے ذریعہ ان کا استقبال کیا جائے گا۔ ریاستی دارالحکومت شیلانگ میں بی جے پی دفتر کے بالکل قریب ایک پریشر گروپ ٹی یو آر نے ’’بیف پارٹی‘‘ کا اہتمام کیا ہے جس میں سنگھ پریوار کے جمہوری اور سیکولر نظریات پر حملوں کے بارے میں تبادلہ خیال ہوگا۔ ٹی یو آر کے کنوینرس اینجیلا رائینگڈ اور ترون نے بتایا کہ بی جے پی کے نظریات کی مخالفت کیلئے بیف پارٹی منعقد کی جارہی ہے کیونکہ وہ ملک کو متحد رکھنے کے نظریات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتی ہیں۔ ٹی یو آر نے اپنے ارکان سے پارٹی کے نظریات، بیانرس، پوسٹرس اور بیف برگرس ساتھ لانے کی اجازت دی۔ اس دوران دہشت گرد تنظیم ایچ این ایل سی نے سنگھ پریوار کے اقلیتوں پر مظالم کے خلاف کل 12 گھنٹے بند کا اعلان کیا ہے۔ اس بند کے پیش نظر سیکوریٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں ۔