امیت شاہ کی ناگپور میں آر ایس ایس قیادت سے ملاقات

ناگپور ۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے نئے صدر امیت شاہ آج یہاں اپنے پہلے دورہ پر پہنچے جہاں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ امیت شاہ آر ایس ایس قیادت سے ملاقات کریں گے۔ ایرپورٹ پر امیت شاہ کا استقبال صدر بی جے پی مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے کیا۔ ان کے ہمراہ ریاستی لیجسلیٹیو کونسل میں قائد اپوزیشن ونود تاؤڑے، اجے سنچیٹی، ایم پی، سابق ایم پی بنواری لال پروہت اور مقامی لیجسلیٹرس سدھاکر دیشمکھ، کرشنا کھوپڑے، ونود کمبھارے، چندرشیکھر باون کلے اور دیگر تھے۔ ایرپورٹ سے امیت شاہ سیدھے ’’دکشا بھومی‘‘ پہنچے اور بابا صاحب امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وہاں ان کا استقبال امبیڈکر اسمارک سمیٹی کے دفتری ارکان ولاس گوڈگھاٹے

اور سدھر فلزولے نے کیا۔ بعدازاں انہوں نے فڈنویس کے ساتھ ظہرانہ اجلاس میں شرکت کی جو دھرم پیٹھ میں منعقد کیا گیا تھا جس میں فڈنویس کے علاوہ تاؤڑے، دیشمکھ، پنکجامنڈے اور دیگر موجود تھے۔ محل نامی علاقہ میں واقع آر ایس ایس ہیڈکوارٹرس کا بھی امیت شاہ دورہ کریں گے اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت اور جنرل سکریٹری بھیاجی جوشی سے ملاقات کیلئے ریشم باغ کے سمرتی مندر بھی جائیں گے۔ اس ملاقات کو مہاراشٹرا میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات سے قبل اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔