امیت شاہ کی سابق چیف جسٹس لاہوٹی ورام دیوسے ملاقاتیں

حکومت کے چار سال کی کامیابیوں سے واقف کروایا گیا ۔ بی جے پی صدر کے ٹوئیٹس
نئی دہلی 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج سابق چیف جسٹس آف انڈیا آر سی لاہوٹی اور یوگا گرو رام دیو سے ملاقات کی جو پتانجلی گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ ملاقاتیں حکومت کیلئے تائید جٹانے کی کوششوں کے تحت کیں اور ان دونوں قائدین کے ساتھ مودی حکومت کی کامیابیوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ امیت شاہ نے جسٹس لاہوٹی سے ملاقات کے بعد ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ سمپرک برائے سمرتھن ‘‘ مہم کے حصے کے طور پر سابق چیف جسٹس آف انڈیا آر سی لاہوٹی سے ان سے کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے گذشتہ چار سال میں کئے گئے تاریخی اقدامات اور کامیابیوں سے واقف کروایا ۔ قبل ازیں دن میں امیت شاہ نے رام دیو سے بھی اسی مہم کے حصے کے طور پر ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے اس وقت بھی اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ انہوں نے سمپرک برائے سمرتھن مہم کے طور پر یوگا گرو سے ملاقات کی ہے اور انہیں نریندر مودی حکومت کی کامیابیوں سے واقف کروانے کے علاوہ حکومت کی فلاحی پالیسیوں اور چار سال کی حکمرانی کی تفصیل سے واقف کروایا ہے ۔ بی جے پی نے مرکز میں اپنی حکومت کے چار سال کی تکمیل کے بعد یہ مہم شروع کی تھی اور عوام کی رائے ہموار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کے چار ہزار کارکن تقریبا ایک لاکھ افراد سے ایسی ملاقاتیں کرینگے ۔ یہ ملاقاتیں ان افراد سے کی جا رہی ہیں جو معروف ہیں اور اپنے شعبوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ امیت شاہ خود اس سلسلہ میں جملہ 50 افراد سے ملاقاتیں کریں گے ۔ وہ اس سے قبل مہم کے آغاز میں سابق فوجی سربراہ دلبیر سنگھ سوہاگ سے اور کرکٹر کپل دیو سے بھی ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ اس مہم کا مقصد اہم شخصیتوں کو حکومت کی کامیابیوں سے واقف کروانا ہے ۔