جموں، 29اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ کا آج جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں پہنچنے پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ وہ پیر کی صبح تک شہر میں موجود رہیں گے جس کے دوران وہ پارٹی عہدیداروں و کارکنوں کے ساتھ میٹنگیں کرنے کے علاوہ پارٹی سے وابستہ وزراء اور ممبران اسمبلی کی کارکردگیوں کا جائزہ بھی لیں گے ۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی صدر اپنے دورہ جموں کے دوران اہم پارٹی اموربشمول ریاست کشمیر و خطہ لداخ میں پارٹی کی جڑیں مضبوط بنانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیں گے ۔ ریاستی بی جے پی قیادت بشمول وزراء اور ممبران اسمبلی نے جموں ایئرپورٹ پر صدر پارٹی کا شاندار استقبال کیا۔ بعد ازاں بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے کارکنوں نے موٹر سائیکل ریالی نکالی اور پارٹی کے قومی صدر کی گاڑی کو اسکارٹ کیا۔امیت شاہ ایئرپورٹ سے براہ راست اسٹیٹ گیسٹ ہاوس پہنچے اور پارٹی عہدیداروں و کارکنوں کے علاوہ سیول سوسائٹی ممبروں سے ملنے کا سلسلہ شروع کیا۔ جموں وکشمیر میں بی جے پی اور پی ڈی پی کے اتحاد پر مبنی حکومت تشکیل پانے کے بعد یہ بی جے پی کے قومی صدر کا پہلا دورہ جموں ہے ۔ امیت شاہ کی آمد سے چند روز قبل ہی مندروں کا شہر کہلائے جانے والے جموں کی بیشتر سڑکوں اور بازاروں کو بی جے پی کے زعفرانی رنگ کے جھنڈوں اور بینروں سے سجایا گیا تھا اور یوں شہر کا ایک بڑا حصہ زعفرانی رنگ کا منظر پیش کررہا ہے ۔