امیت شاہ کیخلاف سیاہ پرچم کے ساتھ احتجاج

الہ آباد یونیور سٹی کی طالبات کو پولیس کی زدوکوب ، ویڈیو وائرل

الہ آباد ۔ /29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی صدر امیت شاہ کے دورہ کے دوران سیاہ پرچموں کے ساتھ احتجاج کرنے والی طالبات پر اترپردیش پولیس نے حملہ کیا ۔ الہ آباد یونیورسٹی کی دو طالبات کو مبینہ زدوکوب کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی جارہی ہے ۔ اترپردیش پولیس کی اس حرکت کا شدید نوٹ لیا گیا ۔ امیت شاہ الہ آباد کا دورہ کررہے تھے جب ان کی موٹروں کا قافلہ روانہ ہورہا تھا طالبات نے درمیان میں پہونچ کر سیاہ پرچموں کے ساتھ احتجاج کیا ۔ پولیس کی زیادتیوں کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا ۔ اترپردیش میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم اور لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی صورتحال کے خلاف الہ آباد یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات احتجاج کررہے تھے ۔ جب دو طالبات دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سڑک کے درمیان پہونچ کر سیاہ پرچم لہرایا تو پولیس نے انہیں بری طرح زدوکوب کیا ۔ احتجاجی امیت شاہ واپس جاؤ کے نعرے بھی لگارہے تھے ۔ 25 سالہ نیہا یادو اور 24 سالہ رما یادو کے علاوہ 26 سالہ طالبعلم کشن موریا الہ آباد یونیورسٹی کے طالبعلم ہے جنہیں اس واقعہ کے بعد پولیس نے بے دردی سے زدوکوب کیا ۔ دھومن گنج پولیس اسٹیشن سے چند میٹر دور یہ واقعہ پیش آیا ۔ خاتون احتجاجیوں کے ساتھ مرد پولیس ملازمین کی دھنگا مستی اور زدوکوب کی ویڈیو جیسے ہی وائرل ہوئی یو پی پولیس کے خلاف ناراضگی ظاہر کی گئی ۔