امیت شاہ کا دورۂ کرناٹک، لنگایتوں کی اپنے مقام کیلئے تحریک

بنگلورو ۔ 18اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے ایک گروپ کے بسویشور مجسمہ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کی کوشش ناکام بنادی ۔ یہ گروپ لنگایت فرقہ کے لئے مذہبی اقلیت کامقام دینے کی تائید میں مظاہرہ کرنا چاہتا تھا ، جبکہ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کرناٹک کے انتخابی دورہ پر آنے والے ہیںاور وہ بارہویں صدی کے سماجی مصلح بسویشور کو اُن کی سالگرہ کے موقع پر پھول ہار پہناکر خراج عقیدت بھی پیش کریں گے ۔ پولیس نے کہاکہ احتجاجی مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ لنگایت برادری سے متعلق ایک گروپ ایسے پوسٹرس اُٹھائے ہوئے تھا جس میں علحدہ مذہبی موقف کا مطالبہ کیا گیا تھا اور وہ جلوس کی شکل میں ریاستی سکریٹریٹ ودھان سودھا کی جانب جلوس کی شکل میں جانے کی کوشش کررہے تھے ۔ وہ اپنے مطالبہ پر امیت شاہ کا ردعمل جاننا چاہتے تھے ۔ اُنھیں احتیاطی اقدام کے طورپر گرفتار کرلیا گیا ۔ امیت شاہ آج سے دو روزہ دورہ پر ہیں ۔ یہ اُن کی انتخابی مہم کا ایک حصہ ہے اور وہ ساتویں بار کرناٹک کا دورہ کررہے ہیں تاکہ اپنی پارٹی کے امکانات کو مستحکم کرسکیں۔