امیت شاہ کا آئندہ ماہ دورہ حیدرآباد ‘ہم ثانیہ مرزا کے مخالف نہیں‘ کشن ریڈی کا بیان

حیدرآباد۔28جولائی ( پی ٹی آئی) بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ اگست کے دوسرے ہفتہ کے دوران حیدرآباد کا دورہ کریں گے اور اپنی پارٹی کو مستحکم بنانے کیلئے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی قائدین سے مشاورت کریں گے ۔ امیت شاہ اپنے دو روزہ دورہ کے دوران مختلف مواضعات کا دورہ کریں گے اور دیہی بی جے پی یونٹوں کے صدور سے راست بات چیت کریں گے ۔ بی جے پی تلنگانہ یونٹ کے صدر جی کشن ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ امیت شاہ کے دورہ کی تواریخ کو ہنوز قطعیت نہیں دی گئی ہے لیکن اس دورہ سے تلنگانہ میں بی جے پی کو صحیح جہد اور رہنمائی حاصل ہوگی ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ( ایمس) جیسا ادارہ قائم کرنے کی درخواست کی جس پر انہیں مثبت جواب موصول ہوا ہے ۔ کے سی آر حکومت کی جانب سے ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو تلنگانہ برانڈ ایمبسیڈر مقرر کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت کے پاس انہیں ( ثانیہ مرزا) کو دینے کے لئے رقم تو ہے لیکن اسپورٹس کی پچاس تنظیموں کو ایک طویل عرصہ سے مصارف نمٹنے کیلئے رقومات ادا نہیں کی گئی ہے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ہم ثانیہ مرزا کے خلاف نہیں ہے لیکن انہیں برانڈ ایمبسیڈر بنانے پر اعتراض ہے۔