امیت شاہ پر دوبارہ امتناع کیلئے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ٹیچرس کا مطالبہ

علیگڑھ ۔ 5 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ٹیچرس اسوسی ایشن نے بی جے پی لیڈر امیت شاہ پر دوبارہ امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کے دریعہ فضاء کو دوبارہ مکدر کررہے ہیں۔ اسوسی ایشن کے سکریٹری آفتاب عالم نے اپنے بیان میں کہا کہ امیت شاہ نے گزشتہ روز اعظم گڑھ میں ایک تقریر کے ذریعہ الیکشن کمیشن کی بداحترامی کی ہے ۔ جہاں انھوں نے اعظم گڑھ کی ساری مسلم برادری کو دہشت گرد قرار دیا تھا ۔ آفتاب عالم نے کہا کہ بی جے پی محض فرقہ وارانہ خطوط پر ووٹوں کی شیرازہ بندی کے لئے مشرقی اترپردیش میں وہی خطرناک کھیل دوہرانے کی کوشش کررہے ہے جو گزشتہ سال مظفرنگر میں کھیلا گیا تھا ۔ آفتاب عالم نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی میں وزارت عظمی کے امیدوار کی آسام میں حالیہ انتخابی تقاریر کے ذریعہ کھیلے گئے خطرناک کھیل کے سبب یہ سرحدی ریاست تشدد کی آگ میں جھلس رہی ہے ‘‘ ۔ آفتاب عالم نے کہاکہ ’’الیکشن کمیشن اگر امیت شاہ اور ان کی جماعت کے رفقاء پر قابو پانے میں ناکام ہوجائے تو اس قسم کی انتشارپسندی سے ملک کو بچانے کیلئے آخری چارہ کار کے طورپر ہمیں صدرجمہوریہ سے رجوع ہونا پڑے گا ‘‘۔