آندھراپردیش کے متوقع چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی صدر بی جے پی سے ملاقات
حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے 30 مئی کو حلف لینے والے وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے دورہ و قیام دہلی کے موقع پر آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کے فوری بعد قومی صدر بی جے پی امیت شاہ سے ملاقات کی۔ بعدازاں وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آج اُنھوں نے مسٹر امیت شاہ سے خیرسگالی ملاقات کی کیوں کہ ان کے خیال میں امیت شاہ ملک میں دوسرے اہم ترین طاقتور قائد ہیں اور اس طرح فی الوقت ملک میں نریندر مودی کے بعد امیت شاہ ہی دوسرا مقام رکھتے ہیں۔ جس کے پیش نظر آج اُنھوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے فوری بعد صدر بی جے پی امیت شاہ سے ملاقات کرکے ریاست آندھراپردیش سے متعلق مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اُنھوں نے بتایا کہ امیت شاہ نے ریاست کے مسائل کے تعلق سے اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی پر اولین ترجیح دینے کا واضح تیقن دیا۔ جگن موہن ریڈی نے اس توقع کا اظہار کیاکہ امیت شاہ کے ساتھ آج ان کی ملاقات ریاست آندھراپردیش کے مفادات میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔