امیت شاہ اس وقت وزیراعظم ہیں ، کابینی ردوبدل سے مودی عملاً لاتعلق

اوما بھارتی کو ہٹا یا گیا کیونکہ ’’رام تیری گنگا میلی ہوگئی، بی جے پی کے پاپ دھوتے دھوتے‘‘

مودی کو سیاسی رفقاء پر بھروسہ نہیں ، 4 سابق سرکاری عہدیدار شامل
نقوی کی ترقی محض دکھاوا ، نئے وزراء سینئر سٹیزنس کلب: کانگریس

نئی دہلی۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے چار سابق سرکاری عہدیداروں کو وزیراعظم نریندر مودی کی کابینہ میں شامل کئے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ نریندر مودی کو اپنے سیاسی رفقاء پر بھروسہ نہیں۔ کانگریس ترجمان منیش تیواری نے 9 نئے وزراء کو ’’سینئر سٹیزنس کلب‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت جبکہ ملک میں اوسط عمر 27 سال ہے، نریندر مودی نے جنہیں وزراء کے طور پر شامل کیا ہے، ان کی اوسط عمر 60.44 سال ہے۔ منیش تیواری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ نریندر مودی عملاً کابینی ردوبدل کے عمل سے لاتعلق ہوگئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی صدر امیت شاہ اس وقت وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے ان اطلاعات کے پس منظر میں یہ بات کہی جس میں بتایا گیا ہے کہ امیت شاہ نے وزراء کو طلب کرتے ہوئے ردوبدل سے پہلے مستعفی ہونے کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے کابینی توسیع کو ’’زیادہ حکومت، کم حکمرانی‘‘ سے تعبیر کیا۔ واضح رہے کہ مودی حکومت نے کابینی ردوبدل کرتے ہوئے 9 نئے چہروں کو شامل کیا ہے جن میں 4 سابق سرکاری عہدیدار ہیں۔ دو سابق آئی اے ایس عہدیدار الفونس کنن تھانم اور سابق سفیر ہردیپ سنگھ پوری ہیں اور وہ ارکان پارلیمنٹ بھی نہیں ہیں۔ ان کے علاوہ سابق ممبئی پولیس کمشنر ستیہ پال سنگھ اور سابق مرکزی معتمد داخلہ آر کے سنگھ کو بھی کابینہ میں شامل کیا گی۔ منیش تیواری نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم کو اپنے سیاسی رفقاء پر بھروسہ نہیں رہا۔ انہوں نے بی جے پی پر کابینہ میں ’’ڈاکٹر کو زدوکوب کرنے والے‘‘ کو بھی شامل کرنے کا الزام عائد کیا جس کا مقصد کرناٹک میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات سے قبل فرقہ پرستی کا ماحول تیار کرنا ہے۔ جاریہ سال کے اوائل میں ایک ویڈیو منظر عام پر آیا تھا جس میں اننت کمار ہیگڈے کو کروار میں مبینہ طور پر ایک ڈاکٹر کو زدوکوب کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اننت کمار کو اب مملکتی وزیر اِسکل ڈیولپمنٹ بنایا گیا ہے۔ سابق مرکزی وزیر منیش تیواری نے وزیر اقلیتی اُمور کی حیثیت سے مختار عباس نقوی کی ترقی کو ’’محض دکھاوا‘‘ قرار دیا اور کہا کہ مسلمانوں کے تعلق سے بی جے پی کا طرز عمل سب جانتے ہیں۔ اوما بھارتی کو وزارت آبی وسائل اور دریائے گنگا کی صفائی سے ہٹائے جانے پر انہوں نے ہندی فلم کے گیت کو اس طرح سے پیش کیا ’’رام تیری گنگا میلی ہوگئی، بی جے پی کے پاپ دھوتے دھوتے…‘‘

جنتا دل (یو) کی رسوائی
دعوت تک نہیں دی گئی : لالو پرساد
پٹنہ ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی کابینہ میں ردوبدل کے موقع پر نتیش کمار کی جنتا دل (یو) کو این ڈی اے حکومت میں شامل ہونے کی وزیراعظم نریندر مودی یا صدر بی جے پی امیت شاہ نے دعوت تک نہیں دی۔ بعض جنتا دل (یو) قائدین نیا کرتا پائجامہ تک سلوا چکے تھے ، لیکن انہیں آنے کی دعوت تک نہیں دی گئی۔