امیت شاہ، سمرتی ایرانی او ر راجپوت نامزدگیاں داخل

گجرات میں راجیہ سبھا کیلئے کانگریس امیدوار احمد پٹیل کو سخت مقابلہ
گاندھی نگر۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شا ہ، مرکزی وزیر سمرتی ایرانی اور بی جے پی میں شامل کانگریس کے سابق رکن اسمبلی بلونت سنہہ راجپوت نے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے آج اپنے پرچہ نامزدگی داخل کئے۔ امیت شاہ اور سمرتی ایران ی کو مرکزی قیادت نے گذشتہ چند دن قبل نامزد کیا تھا لیکن راجپوت جو کل تک گجرات اسمبلی میں کانگریس کے چیف وہپ تھے، انہیں گذشتہ روز اپنی پارٹی اور ایوان کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے بعد بی جے پی کے تیسرے امیدوار کی حیثیت سے نامزدکیا گیا ہے۔ راجپوت کو کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کے خلاف میدان میں اتارا گیا ہے۔ احمد پٹیل کو کانگریس نے 8 اگست کو منعقد شدنی انتخابات کیلئے دوبارہ نامزد کیا ہے۔ اس ریاست سے راجیہ سبھا کے 11 ارکان کے منجملہ تین ارکان سمرتی ایرانی اور دلیپ بھائی (دونوں بی جے پی) اور احمد پٹیل (کانگریس) کی میعاد 18 اگست کو ختم ہورہی ہے۔ کانگریس امیدوار 47 ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں کامیاب ہو سکتے ہیں لیکن 182 رکنی گجرات اسمبلی میں اس پارٹی کے 6 ارکان کے استعفے کے بعد اس کے ارکان کی تعداد 57 سے گھٹ کر 51 ہوگئی ہے۔ بشمول راجپوت تین ارکان اسمبلی مستعفی ہوئے تھے۔ دیگر تین ارکان نے آج استعفیٰ دیدیا۔ باور کیا جاتا ہیکہ کانگریس کے سابق مرد آہن شنکر سنہہ واگھیلا کی ایماء پر اس پارٹی کے ارکان اسمبلی مستعفی ہورہے ہیں۔ واگھیلا گذشتہ ہفتہ تک بھی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تھے لیکن کانگریس سے مستعفی ہونے کے باوجود ایوان کے رکن ہیں اور راجیہ سبھا انتخابات میں ووٹ دینے کے بعد رکنیت سے استعفیٰ دیں گے۔ ان تینوں پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کے بعد بی جے پی کے لیڈر بھوپندر یادو نے امید ظاہر کی کہ یہ تینوں بہ آسانی کامیاب ہوجائیں گے۔ واگھیلا کی بی جے پی میں شمولیت کے بارے میں ایک سوال پر یادو نے کہا کہ یہ فیصلہ ان (واگھیلا ) کی ایماء پر منحصر ہے۔