امیتھی۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ سابق رکن پارلیمنٹ اور موجودہ رکن قانون ساز کونسل اکشئے پرتاپ سنگھ عرف گوپال جی اور دیگر 8 افراد کے خلاف دو افراد کے قتل کی واردات کے سلسلہ میں جن میں سے ایک کانگریس قائد کا بیٹا تھا، ایف آئی آر جگدیش پور پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی ہے۔ گوپال جی یوپی کے وزیر اور متنازعہ رکن اسمبلی رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا کے چچازاد بھائی ہیں۔ مقدمہ قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل)، 307 (اقدام قتل) اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ کانگریس قائد جنگ بہادر سنگھ کے فرزند مہندر پرتاپ سنگھ عمر 41 سال کو نامعلوم افراد نے رانی گنج مارکٹ کے قریب گولی مارکر ہلاک کردیا تھا جب کہ وہ کل شام دیر گئے اپنے گھر واپس ہورہے تھے۔ ان کے قریبی ساتھی سریش کمار کو بھی فائرنگ کے ایک واقعہ میں ہلاک کردیا گیا تھا جب کہ ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا۔ جنگ بہادر سنگھ ماضی میں صدر یوپی راجیہ بھنڈارن نگم رہ چکے ہیں۔