امیتابھ بچن کے مکان میں زبردستی داخل ہونے پر نوجوان گرفتار

ممبئی ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اپنے آپ کو امیتابھ بچن کا پرستار کہنے والے ایک نوجوان کو پولیس نے حراست میں لے لیا جب اس نے سب اربن جوہو میں میگا اسٹار کے مکان کی دیوار ( کمپاونڈ وال ) پھاندنے کی کوشش کی تاکہ اپنے پسندیدہ اداکار کے روبرو اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا جاسکے ۔ ممبئی پولیس کے عہدیدار نے بتایا کہ بہار کے متوطن 23 سالہ نوجوان بنواری یادو کو کل صبح سویرے امیتابھ کی قیام گاہ ’ جلسہ ‘ میں حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے داخل ہونے پر گرفتار کرلیا گیا جب کہ یادو نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایک گلوکار ہے اور امیتابھ بچن سے ملاقات کے لیے مکان کی دیوار پھاند کر جانا چاہتا تھا تاکہ ان کے روبرو اپنے فن کا مظاہرہ کیا جائے ۔ تاہم سیکوریٹی نے نوجوان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جس کے خلاف ایک کیس درج کر کے تحقیقات کی جارہی ہے ۔ بعد ازاں یادو کو مقامی عدالت میں پیش کرنے پر 7 اگست تک پولیس تحویل میں دیدیا گیا ۔