ملبورن ۔ 3 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کو انٹرنیشنل اسکرین آئکن ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ انڈین فلم فیسٹول آف ملبورن (IFFM) کی افتتاحی ایوارڈ تقریب میں انھیں یہ اعزاز دیا گیا ۔ ایوارڈس کی رنگارنگ تقریب کا کل شب اختتام ہوا جس میں راکیش اوم پرکاش مہرہ کی فلم ’’بھاگ ملکھا بھاگ‘ ‘کو بہترین فلم ، بہترین ہدایت کاری اور بہترین اداکاری کے زمرے میں تین ایوارڈس حاصل ہوئے ۔ 71 سالہ ا میتابھ بچن کو حکومت وکٹوریہ اور فیسٹول کے منتظمین کی جانب سے انٹرنیشنل اسکرین آئکن ایوارڈ دیا گیا جس کا اعلان منسٹر آف آرٹس ہائیڈی وکٹوریہ نے کیا۔ تقریب میں سینکڑوں ہندوستانی نژاد آسٹریلیائی شہریوں نے بھی شرکت کی جس کا انعقاد یہاں کے تاریخی پرنسس تھیٹر میں کیا گیا تھا ۔ کنگنا راناوٹ کو اُن کی فلم کوئین کے لئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا ۔