حیدرآباد 6 جنوری (پی ٹی آئی) بالی ووڈ سوپر اسٹار امیتابھ بچن آندھراپردیش کے محکمہ صحت و طبابت کے برانڈ ایمبیسڈر ہوں گے۔ وزیر صحت کے سرینواس نے بتایا کہ امیتابھ بچن نے محکمہ صحت کا برانڈ ایمبیسڈر بننے سے اتفاق کرلیا ہے۔ وہ کن شعبوں کی تشہیر کریں گے، اِس بارے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ کے سرینواس نے حال ہی میں فلم اداکار سے ملاقات کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ہر دو ماہ میں ایک مرتبہ اپنا اجلاس منعقد کرے گی اور تجاویز پیش کرے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ آندھراپردیش کے 13 اضلاع میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت ٹرسٹ کے ذریعہ ہر ضلع ہیڈکوارٹر میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔