کولکتہ ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں رام نوامی کے موقع پر پیش آئے پرتشدد کے بعد ریاستی گورنر کے این ترپاٹھی نے آج امن کی اپیل کی اور کہا کہ ہر کسی کو پرامن طور پر اپنی مذہبی رسومات پر عمل کرنا چاہئے۔ ریاست کے مختلف مقامات پر اتوار کو رام نوامی جلوس کے دوران پیش آئے پرتشدد واقعات کے پس منظر میں گورنر کے یہ تبصرے منظرعام پر آئے ہیں۔ ترپاٹھی نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’کوئی فساد یا تشدد نہیں ہونا چاہئے۔ عوام کو پرامن طور پر اپنے مذہبی رسومات پر عمل کرنا چاہئے‘‘۔ اس استفسار پر کہ ریاستی حکومت کیلئے آپ کا مشورہ کیا ہے؟ گورنر ترپاٹھی نے جواب دیا ہیکہ ’’ریاستی حکومت سے مجھے جو کچھ بھی کہنا ہوگا میں علحدہ طور پر کہوں گا‘‘۔