امن کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ناگزیر : جنرل راحیل

کراچی۔ 4 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تنازعات اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حقیقت پسندانہ کردارادا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دنیا میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کو ناگزیر قرار دیا ہے۔کراچی میں جاری آٹھویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) 2014ء کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر جیسے مسئلوں کی وجہ سے پورے خطے کی سکیورٹی خطرے میں پڑسکتی ہے۔آرمی چیف نے واضح کیا کہ صرف بارڈر سکیورٹی سے ملکی اندرونی سکیورٹی ممکن نہیں، مذہب اور شناخت بھی جنگوں کی نئی وجوہات بن رہی ہیں۔انھوں نے غربت، بیروزگاری، فوڈ سکیورٹی اور پانی کی کمی کو بھی نئے سیکورٹی چیلنجز قرار دیا۔جنرل راحیل نے پاکستان کو دنیا کیلئے ایک مثال قرار دیا جو گزشتہ 35 سال سے حالت جنگ میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کی خاطر بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ فوجی سربراہ نے مختلف اسٹالوں کا دورہ بھی کرتے ہوئے ملکی وغیر ملکی مصنوعات کا معائنہ کیا۔ انہیں اس موقع پر بریفنگ بھی دی گئی۔نمائش میں 333 کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کیں جن میں 256 غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔ 77 پاکستانی کمپنیوں کی جانب سے ٹینک، ایئرکرافٹ، اسلحہ اور دیگر ہتھیار نمائش میں رکھے گئے۔