امن و ضبط کی برقراری کیلئے پولیس خدمات کا اعتراف

کے سی آر کی درازی عمر کے لیے نیک خواہشات ، نرسمہا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/17فبروری، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت امن و ضبط کی برقراری کے سلسلہ میں پولیس کی خدمات کا مکمل اعتراف کرتی ہے اور پولیس ملازمین اور ان کے خاندانوں کی ترقی کیلئے حکومت پابند عہد ہے۔ وزیر داخلہ نے آج اپنی قیامگاہ پر کے سی آر کی سالگرہ تقریب میں حصہ لیا۔ پولیس آفیسرس اسوسی ایشن کی جانب سے اس تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں این نرسمہا ریڈی نے کیک کاٹا اور کے سی آر کی درازی عمر اور سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرپائیں گے۔ تلنگانہ کی جدوجہد میں کے سی آر کا اہم کردار تاریخ کا باب بن چکا ہے۔ جمہوری اور گاندھیائی انداز میں جدوجہد کرتے ہوئے کے سی آر نے علحدہ ریاست حاصل کی تاکہ تلنگانہ عوام کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر داخلہ نے امن و ضبط کی برقراری کے سلسلہ میں پولیس کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ پولیس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت نے محکمہ پولیس کو عصری بنانے کیلئے کئی ایک اقدامات کئے ہیں۔ پولیس کو عصری سہولتوں سے آراستہ کیا گیا تاکہ وہ امن و ضبط کی برقراری میں اہم رول ادا کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ امن و ضبط کی برقراری کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت ترقیاتی اقدامات کے ساتھ امن و ضبط کی برقراری پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔