چیف سکریٹری، متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ چیف منسٹر کاجائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/3اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج چیف سکریٹری راجیو شرما، ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما، کمشنر پولیس حیدرآباد مہیندر ریڈی، جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ کیمپ آفس پر منعقدہ اس جائزہ اجلاس میں حیدرآباد میں امن و ضبط کی صورتحال اور ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے حالیہ عرصہ میں جرائم کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا خاص طور پر دو دن قبل سوریہ پیٹ میں پولیس پر کی گئی فائرنگ کے واقعہ کے بارے میں چیف منسٹر نے معلومات حاصل کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ امن و ضبط کی برقراری کو اولین ترجیح دیں اور اس سلسلہ میں غیر سماجی عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور دیگر عہدیداروں نے پولیس کی جانب سے جرائم پر قابو پانے کیلئے شہر اور ریاست کے دیگر علاقوں میں کئے جارہے اقدامات کی تفصیلات بیان کی۔ چیف منسٹر نے کمشنر جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں ترقیاتی اسکیمات کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائے۔ انہوں نے شہر کی ترقی سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔