امن و خوشحالی کیلئے ہند۔ پاک دوستی ناگزیر بزنس فورم سے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا خطاب

نئی دہلی۔/3مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے آج کہا ہے کہ باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے ہندوستان اور پاکستان کو طویل سفر طئے کرنا ہے لیکن انہیں آئندہ نسلوں کیلئے امن و خوشحالی کو یقینی بنانے متحدہ کوشیشں ترک نہیں کرنا چاہیئے۔ پاکستان ۔ انڈیا جوائنٹ بزنس فورم کے اجلاس کو مخآطب کرتے ہوئے مسٹر باسط نے یہ نشاندہی کی کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان وسیع تر مواقع ہیں اور دونوں ممالک کو باہمی فوائد کیلئے کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہندوستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات استوار کرنے پاکستان کاربند ہے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ اگرچیکہ یہ سفر طویل اور کٹھن ہے لیکن اسے ترک نہیں کرنا چاہیئے۔ آئندہ نسلوں کی خوشحالی اور امن کیلئے ہمیں متحدہ کوشش کرنا چاہیئے۔ انہوں نے باہمی انحصار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے باہمی تجارتی اور معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے میں مذکورہ فورم کے رول کی ستائش کی۔