امن منصوبے میں ’’اسرائیل کی سلامتی‘‘ پہلی ترجیح ہو گی: امریکی قاصد

واشنگٹن ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مشرق وسطیٰ کے لیے امریکہ کے خصوصی قاصد جیسن گرین بیلٹ نے کہا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے تیار کردہ مجوزہ امن منصوبے میں اسرائیل کی سلامتی کو اولین ترجیح حاصل ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کو بھی منصفانہ حقوق دلانے کی کوشش کی جائے گی۔اسرائیلی اخبار "ٹائمز آف اسرائیل” کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی قاصد نے کہا کہ امریکہ کے امن منصوبے میں فلسطین اور اردن کو ایک کنفیڈریشن میں تبدیل کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری محاذ آرائی ختم کرانے کے لیے نئے روڈ میپ پر کام کر رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنے مجوزہ امن منصوبے کو کامیاب کرنے کے خواہاں ہیں اور وہ اپنے منصوبے کو مشکل ترین سفارتی کوشش بھی قرار دے رہے ہیں۔ستمبر میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ توقع ہے ان کا وضع کردہ امن منصوبہ دو ، تین یا چار ماہ کے اندر اندر پیش کردیا جائے۔