امن معاہدہ کیلئے قبرص سے مذاکرات جاری

نیکوشیا۔25جون (سیاست ڈاٹ کام) قبرص کی اعلیٰ سطحی قیادت سوائیٹزرلینڈ میںجاریہ ہفتہ منعقدہ ایک چوٹی کانفرنس میں شرکت کرے گی جس میں اپنے حریف ترکی قائدین کے ساتھ امن معاہدہ کی کوشش کی جائے گی ۔ اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ دونوں ممالک کے تمام دیرینہ تنازعات کی بات چیت کے ذریعہ یکسوئی چاہتا ہے ۔ اگر دونوں ممالک کے درمیان اس سلسلہ میں ایک امن معاہدہ طئے پاجائے تو اس علاقہ میں امن قائم ہوسکتا ہے ۔ توقع ہے کہ چوٹی کانفرنس 10دن تک جاری رہے گی جس میں سرکاری عہدیداروں کے علاوہ امن معاہدہ کی ضمانت دینے والی حکومتوں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے ۔ ایجنڈہ میں سرفہرست صیانتی انتظامات ہیں جو معاہدہ کے بعد میں کئے جائیں گے ۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات و تنازعات ایک طویل عرصہ سے جاری ہیں ۔