یروشلم ۔ /13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)اسرائیل اور فلسطینی مذاکرات کاروں نے امریکی مصالحتی کوششوں کے ذریعہ شروع کئے جانے والے امن مذاکرات کو بچانے کی کوشش کے طور پر آج بات چیت کا اہتمام کیا ۔ فلسطین کے مذاکرات کار صائب عریقات نے یروشلم میں اسرائیلی ہم منصب وزیر انصاف زپی لیونی سے بات چیت کی ۔ وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کے نمائندے اسحاق مولشو نے یہ بات بتائی ۔ اسرائیل نے اگرچہ سرکاری طور پر بات چیت کی توثیق سے گریز کیا ہے لیکن یہ اطلاع ہے کہ فریقین نے امن مذاکرات کے احیاء کی کوششیں شروع کردی ہیں ۔ گزشتہ جمعرات کو آخری مرتبہ فریقین کی ملاقات ہوئی تھی اور اس اجلاس کی صدارت امریکی نمائندے مارٹن انڈائیک نے کی تھی ۔ وہ اب مشاورت کیلئے واشنگٹن واپس ہوگئے ہیں ۔ اسرائیل نے فلسطین کی جانب سے جمع کئے جانے والی ڈیوٹی کی رقم کی منتقلی کی منجمد کرنے کی دھمکی دی تھی جس سے امن مذاکرات کی کوششوں کو دھکا پہونچا تھا ۔