اسلام آباد ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی طالبان مذاکرات کاروں نے آج یہ اشارہ دیا کہ وہ اب بھی بات چیت کے حق میں ہے حالانکہ حکومت اور ممنوعہ گروپ کے مابین امن مذاکرات معطل کئے جاچکے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان کی کمیٹی برائے امن مذاکرات کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے طالبان گروپ کی شوری سے ربط قائم کرتے ہوئے کمیٹی کی جانب سے بعض گذارشات پیش کی ہیں۔ ٹیم کے پارٹی لیڈر مولانا یوسف شاہ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی گذارشات کو فی الحال سب کے سامنے پیش نہیں کیا جاسکتا۔
حکومت کے مذاکرات کاروں نے 24 فبروری کو ایک غیررسمی ملاقات مقرر کی تھی جس میں تحریک طالبان پاکستان کے ثالثی کے ساتھ وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی موجودگی میں بات چیت کی گئی۔ امن مذاکرات معطل کرنے کے باوجود اس ملاقات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ امن مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے ضروری ہیکہ حکومت اور تحریک طالبان پاکستان پہلے جنگ بندی کرے۔ اس سے پہلے میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھاکہ طالبان نے غیرمشروط جنگ بندی کے نواز شریف حکومت کے مطالبہ کو مسترد کردیا ہے۔