امن مذاکرات کیلئے طالبان کی جانب سے تین امکانی مقامات کے ناموں کی پیشکشی

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے ایک رکن نے اس ممنوعہ گروپ اور حکومت پاکستان کے درمیان دوبدو امن بات چیت کیلئے قبائیلی علاقوں میں تین امکانی مقامات کی سفارش کی ہے۔ جماعت اسلامی کے لیڈر ابراہیم خان نے کہا کہ لاڈھا، میراںشاہ اور ماکین امن مذاکرات کے تین امکانی مقامات کی حیثیت سے پیش کئے گئے ہیں۔ میراں شاہ شمالی وزیرستان میں اور لاڈھا و ماکین جنوبی وزیرستان میں واقع ہیں۔ وزیرداخلہ چودھری نثار علی خاں نے کہا کہ وقت اور مقام کے تعین کے بعد کسی بھی وقت امن مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں۔ حکومت نے طالبان کی مذاکراتی ٹیم سے بات چیت کیلئے اپنی جدید چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔