سانفرانسسکو ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک حجاب پوش مسلم طالبہ پر مبینہ طور پر ایک ٹوٹی ہوئی کانچ کی بوتل سے حملہ کیا گیا اور حملے میں اس کے چہرے کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکن اِسلامک روٹیشنس کونسل نے 5,000 امریکی ڈالرس انعام کا اعلان کیا ہے جو کسی بھی ایسے شخص کو دیا جائے گا جس کی فراہم کردہ اطلاعات کے نتیجہ میں نصرو حسن پر حملہ کرنے والے افراد کی گرفتاری عمل میں آئے گی۔ یہ ایک 19 سالہ صومالی نژاد امریکی طالبہ ہے، اس پر واشنگٹن یونیورسٹی سیاٹل کے احاطہ میں حملہ کیا گیا تھا۔ نصرو حسن سَر پر حجاب اوڑھی ہوئی تھیں جبکہ اس پر حملہ کیا گیا۔ یہ حملہ 15 نومبر کو دن دھاڑے ہوا۔ امکان ہے کہ یہ حملہ نفرت انگیز جرائم میں سے ایک ہے جو امریکی مسلم خواتین پر مقامی اور ملک گیر سطح پر کئے جارہے ہیں۔ اس حملے سے یونیورسٹی کے احاطہ میں طالبات کے تحفظ کے بارے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سی اے آئی آر واشنگٹن اَرسلان بختیار نے سیاٹل میں خطاب کرتے ہوئے اس کا انکشاف کیا۔