امریکی یونیورسٹی میں ہندی کا کورس متعارف

واشنگٹن 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی یونیورسٹی آف مونٹانا اپنے طلباء کو ہندی زبان سیکھنے کا ایک موقع فراہم کررہی ہے لہذا آئندہ تعلیمی سال سے ہندوستان کے ایک ہندی ٹیچر کے خدمات حاصل کی گئی ہے جو طلباء کو ہندی زبان سکھائیں گے ۔ گورو مشرا جو ایک فل برائٹ انسٹرکٹر ہیں ‘ یونیورسٹی آف مونٹانا کے ساوتھ اور ساوتھ ایسٹ ایشین اسٹیڈیز پروگرام برائے تعلیمی سال 2015-16 کے تحت ہندی زبان سکھائیں گے ۔ مشرا کا تعلق اتر پردیش سے ہے اور وہ یہاں اگست کے وسط میں پہنچیں گے کیونکہ امریکہ میں صرف چار یونیورسٹیوں نے ہندی سکھانے کی اجازت دی ہے ۔ ایلیمنٹری ہندی کے دو کورس ہوں گے ۔ یوام لبرل اسٹیڈیز پروفیسر رُتھ ونیتا نے یہ بات بتائی ۔ یونیورسٹی اس بات کی بھی کوشش کرے گی کہ زبان کو مستقل طور پر نصاب کا حصہ بنایا جائے ۔ ہندی ایک ہند۔ یوروپی زبان ہے جو ایک مشترکہ آبا و اجداد کے تحت یوروپی زبانوں بشمول انگریزی سے جُڑ گئی ہے ۔ ہندی زبان کو فونیٹک زبان بھی کہا جاتا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ بالکل جس طرح بولی جاتی ہے اسی طرح لکھی بھی جاسکتی ہے ۔ ہندی زبان کا ہر حرف تہجی اپنی منفرد آواز کا حامل ہے ۔